Sunday, May 31, 2026 | 13 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • عالمی منظر
  • »
  • زہران ممدانی نےفلسطین کی حمایت میں 'اسرائیل ڈے پریڈ' کا کیا بائیکاٹ

زہران ممدانی نےفلسطین کی حمایت میں 'اسرائیل ڈے پریڈ' کا کیا بائیکاٹ

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 31, 2026 IST

زہران ممدانی نےفلسطین کی حمایت میں  'اسرائیل ڈے پریڈ' کا  کیا بائیکاٹ
امریکہ کے شہر نیویارک میں  ہر سال 31 مئی  کو  'اسرائیل ڈے پریڈ'کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ سال 1948 میں فلسطینیوں کی زمین پر اسرائیل نامی ایک یہودی ملک قائم کیا گیا ، جس کے قیام میں امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ (UN) نے اہم کردار ادا کیا۔اسی دن کو  بطور یادگارتب سے آج تک  امریکہ کے شہر نیویارک میں 'اسرائیل ڈے پریڈ'کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس تقریب میں نیویارک شہر کے میئر، گورنر اور دیگر سیاسی رہنما روایتی طور پر شرکت کرتے ہیں، لیکن اس سال کی پریڈ میں نیویارک کے پہلے مسلم میئر زہران ممدانی نے حصہ نہیں لیا۔
 
اتوار 31 مئی کو نیویارک کے میئر زہران ممدانی نے اس پروگرام میں شرکت نہ کر کے دہائیوں پرانی سیاسی روایت کو توڑ دیا ہے، جبکہ عام طور پر شہر کے میئر اور گورنر اس پروگرام میں ہزاروں اسرائیل نواز لوگوں کا دل جیتنے کے لیے باقاعدگی سے شامل ہوتے رہے ہیں۔
 
لیکن میئر زہران ممدانی غزہ میں اسرائیلی فوجی کاروائیوں کے سخت مخالف رہے ہیں۔ انہوں نے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف کھل کر بیانات دیے ہیں اور انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (ICJ) کے احکامات کے مطابق نیتن یاہو کو جنگی مجرم قرار دے کر گرفتار کرنے کا انتباہ بھی دیا ہے۔
 
1948 میں اسرائیل کے قیام کا جشن منانے کے لیے نیویارک کی ففتھ ایونیو پر ہزاروں لوگ جمع ہوتے ہیں، لیکن میئر ممدانی کا موقف اس سے بالکل مختلف ہے۔ دو ہفتے قبل میئر کے دفتر سے ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں 'نکبہ' (Nakba) کی یاد دلائی گئی تھی۔ 'نکبہ' ایک عربی لفظ ہے جس کا مطلب ہے "تباہی"۔ یہ اصطلاح 1948 کی عرب اسرائیل جنگ کے دوران تقریباً 7,00,000 فلسطینیوں کی بڑے پیمانے پر بے دخلی اور نقل مکانی کو ظاہر کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہے، جو اسرائیل کے قیام کے وقت پیش آئی تھی۔
 
میئر زہران ممدانی کا مؤقف:
 
28 مئی  جمعرات کو ایک پریس کانفرنس کے دوران میئر ممدانی نے اپنے فیصلے کو واضح کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے اپنی انتخابی مہم کے دوران ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ میں اس پریڈ میں شرکت نہیں کروں گا، اور اسرائیلی حکومت کے بارے میں میرے خیالات بالکل صاف ہیں۔تاہم، انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پریڈ کے دوران پولس کی بھاری نفری تعینات رہے گی تاکہ یہ پروگرام بغیر کسی رکاوٹ کے اور پرامن طریقے سے مکمل ہو سکے۔