Sunday, May 31, 2026 | 13 ذو الحجة 1447
  • News
  • »
  • جرائم/حادثات
  • »
  • گولڈ میڈلسٹ پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کا قتل، ساتھی کھلاڑی گرفتار؛ جانیے پورا معاملہ؟

گولڈ میڈلسٹ پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کا قتل، ساتھی کھلاڑی گرفتار؛ جانیے پورا معاملہ؟

    Reported By: Munsif News Bureau | Edited By: sahjad mia | Last Updated: May 31, 2026 IST

گولڈ میڈلسٹ پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کا قتل، ساتھی کھلاڑی گرفتار؛ جانیے پورا معاملہ؟
قومی سطح کے پیرا کھلاڑی اور گولڈ میڈلسٹ چراغ تیاگی کو ہفتے کے روز غازی آباد میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔ وہ دہلی کے ہاسٹل سے اپنے گاؤں جا رہے تھے کہ اسی دوران یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ان کی لاش کوتوالی پولس اسٹیشن کی حدود میں واقع 'سائی اپون'سے برآمد ہوئی۔ پولس نے اس معاملے میں کاروائی کرتے ہوئے چراغ کے ساتھی کھلاڑی یش کھٹک کو گرفتار کر لیا ہے۔
 
لاش خون میں لت پت تھی، پیٹھ پر گولی کا نشان :
 
ہفتے کی دوپہر تقریباً 3 بجے پولس کو اطلاع ملی کہ سائی اپون میں ایک نوجوان کی خون میں لت پت لاش پڑی ہے۔ پولس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ہسپتال منتقل کیا۔ تحقیقات کے دوران مقتول کی شناخت 24 سالہ چراغ کے طور پر ہوئی۔ ان کی پیٹھ پر گولی کا نشان تھا۔ پولس نے اسے قتل کا معاملہ درج کر کے تفتیش شروع کی اور سی سی ٹی وی (CCTV) فوٹیج کی بنیاد پر ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کی۔
 
محض 3 دن پہلے ہی گولڈ میڈل جیت کر لوٹے تھے چراغ:
 
چراغ اپنے والدین کے اکلوتے بیٹے تھے اور ان کے والد منوج تیاگی ایک کسان ہیں۔ چراغ '8 ویں انڈین نیشنل اوپن پیرا ایتھلیٹکس چیمپئن شپ' کے فاتح تھے۔ انہوں نے محض تین دن پہلے بنگلورو میں منعقدہ قومی مقابلے میں 400 میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیت کر ایشین پیرا گیمز کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔ اس مقابلے میں انہوں نے 400 میٹر میں سونا اور 1,500 میٹر دوڑ میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اسی کامیابی کے بعد وہ دہلی لوٹے تھے اور وہاں سے اپنے گھر جا رہے تھے۔
 
کس نے کیا قتل؟
 
چراغ کے ساتھی کھلاڑی یش نے پولس پوچھ گچھ کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولس کے مطابق، یش نے بتایا کہ وہ خود بھی ایک پیرا کھلاڑی ہے اور پہلے چراغ تیاگی کے ساتھ ہی پریکٹس کرتا تھا۔ ایک مرتبہ دستاویزات کی جانچ کے دوران چراغ نے یش کے خلاف شکایت درج کرائی ، جس کی وجہ سے یش کی کوالیفکیشن منسوخ ہو گئی ۔ اسی رنجش کی وجہ سے یش غصے میں تھا اور اس نے سازش کے تحت چراغ کو گولی مار کر قتل کر دیا۔