پاکستان کرکٹ ٹیم نے 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے مقابلے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان نے سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ میچ میں آسٹریلوی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 200 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، جواب میں پاکستان نے 5 وکٹیں کھو کر ہدف باآسانی حاصل کر لیا۔آئیے اس میچ میں بننے والے اہم ریکارڈز اور کارکردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔
پاکستان نے اس طرح درج کی جیت:
ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے اتری کینگرو ٹیم میتھیو شارٹ (55) اور میٹ رینشا (61) کی نصف سنچریوں کی بدولت 44.1 اوورز میں 200 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے سب سے زیادہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پاکستان ٹیم نے بابر اعظم (69) اور غازی غوری (65) کی شاندار بیٹنگ کی بدولت 42.3 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کر لیا۔
بابر اعظم اور غازی غوری کی نصف سنچریاں:
201 رنز کے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے پاکستان کے لیے بابر اور غوری نے بہترین اننگز کھیلی،بابر اعظم نے 94 گیندوں پر 4 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 69 رنز بنائے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی 39 ویں اور آسٹریلیا کے خلاف تیسری نصف سنچری ہے۔
غازی غوری کے ون ڈے کیریئر کی یہ پہلی نصف سنچری تھی۔ انہوں نے 92 گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
میتھیو شارٹ اور میٹ رینشا کی مزاحمت:
دوسری جانب آسٹریلوی اوپنرمیتھیو شارٹ نے پاکستان کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی اور مجموعی طور پر چوتھی نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 55 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو ایک معقول اسکور تک پہنچانے میں مدد کی۔
جبکہ آسٹریلوی آل راؤنڈر میٹ رینشانے اپنے کیریئر کا بہترین اسکور بناتے ہوئے 63 گیندوں پر 5 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی دوسری نصف سنچری تھی۔
عرفات منہاس کا تاریخی ڈیبیو اور ریکارڈ:
پاکستان کے نوجوان باؤلر عرفات منہاس نے اپنے ڈیبیو میچ میں ہی تاریخ رقم کر دی،انہوں نے بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 اوورز میں 1 میڈن کے ساتھ صرف 32 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے جوش انگلس (13)، مارنس لبوشین (0)، کیمرون گرین (0)، میتھیو شارٹ (55) اور ناتھن ایلس (8) کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اسکے ساتھ ہی عرفات منہاس اپنے ڈیبیو ون ڈے میچ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی باؤلر بن گئے ہیں۔ دنیا میں وہ ایسا کرنے والے 16 ویں باؤلر ہیں۔
واضح رہے کہ ون ڈے ڈیبیو پر بہترین باؤلنگ کا عالمی ریکارڈ اسکاٹ لینڈ کے چارلی کیسل (7/21) کے نام ہے، جبکہ دوسرے نمبر پر جنوبی افریقہ کے کاگیسو رباڈا (6/16) ہیں۔